ایران کی امریکہ کو اہم پیشکش

image


تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکا فوجی دباؤ کم کرے تو ایران 7 دن کے اندر آبنائے ہرمز دوبارہ کھول سکتا ہے۔ جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو نیوز نے ایرانی عہدیدار کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ خبر ایران انٹرنیشنل پر بھی نشر ہوئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق ایران نے ثالث ممالک کے ذریعے یہ تجویز باضابطہ طور پر واشنگٹن تک پہنچائی ہے۔ تجویز میں مستقل جنگ بندی کیلئے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ثالث ممالک کے ساتھ مزید مشاورت کی جائے گی۔

ایرانی عہدیدار کے مطابق صدر مسعود پزشکیان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان براہِ راست ملاقات کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔ ایران نے موجودہ صورتحال میں ایسی ملاقات سے گریز کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز کھولنے کی تجویز کی منظوری سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی جانب سے دی گئی ہے۔