کیا سوشل میڈیا آپ کو عادی بنانے کیلئے تیار کیا گیا ہے؟
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) سائنس دان یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ سوشل میڈیا کو چھوڑنا آخر اتنا مشکل کیوں ہے۔ سائنسی تحقیقات ایک ایسے نظام کو بے نقاب کرتی ہیں جو آپ کو اپنا عادی بنانے کیلئے ہی تیار کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا استعمال کرنے کے دوران وقت کا بالکل پتہ نہیں چلتا لیکن یہ آپ کی غلطی نہیں ہے، بلکہ یہ کمپنیوں کی جانب سے بنایا گیا چالاک ڈیزائن ہے۔ ان ایپس کو جان بوجھ کر ایسے بنایا گیا ہے کہ آپ انہیں چھوڑ ہی نہ سکیں۔
اس کی اصل وجہ ہمارے دماغ کا ایک کیمیکل ڈوپامائن ہے۔ جب آپ اسکرول کرتے ہیں تو دماغ کو انعام کی امید لگتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں یہ بالکل جوا مشین جیسا ہے، آپ اس لیے اسکرول کرتے رہتے ہیں کہ پتہ نہیں اگلی پوسٹ مزاحیہ ہوگی یا جذباتی۔
سائنسدان کہتے ہیں سوشل میڈیا دماغ کو تباہ نہیں کرتا، لیکن روزانہ کی اس عادت سے دماغ کا سوچنے کا طریقہ بدل جاتا ہے۔ دماغ کا جو راستہ زیادہ استعمال ہو وہ مضبوط ہو جاتا ہے، اس لیے تیز اسکرولنگ کی عادت پکی ہو جاتی ہے۔ یہ صرف آپ کی قوتِ ارادی کی کمزوری نہیں، بلکہ یہ پلیٹ فارم جان بوجھ کر آپ کی توجہ کو قید کرنے کیلئے بنائے گئے ہیں۔