ایف بی آر نے گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم ریٹیل قیمتیں مقرر کردیں
اسلام آباد: (بزنس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء کے تحت مقامی طور پر تیار کردہ سبزیوں اور حیوانی چکنائی و تیل، گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ایف بی آر کے مطابق آئندہ مینوفیکچررز سے مقررہ قیمت کے مطابق سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کم از کم قیمت پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ہفتہ وار حساس قیمت اشاریے کے تحت گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے کی اوسط قومی ریٹیل قیمت میں سے 25 روپے فی کلو کم کرکے مقرر ہوگی۔ تاہم یہ رعایت صرف ان رجسٹرڈ افراد کو حاصل ہوگی جو ایف بی آر کے ڈیجیٹل انوائسنگ اور پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ مطابقت رکھتے ہوں، جبکہ مقررہ قیمت سے زیادہ پر سپلائی کی صورت میں سیلز ٹیکس زیادہ قیمت پر وصول کیا جائے گا۔
گھی اور کوکنگ آئل کے برانڈز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، کیٹیگری اے میں ڈالڈا، حبیب، صوفی، میزان، سویا سپریم اور ایوا شامل ہیں جن کی کم از کم قیمت 588 روپے، کیٹیگری بی میں من پسند، حبیب ہانڈی، سیزنز، کشمیر، کوثر، شاہ تاج، کسان، شفق اور سلطان شامل ہیں جن کی کم از کم قیمت 547 روپے، جبکہ دیگر تمام برانڈز کیٹیگری سی میں شامل ہوں گے جن کی کم از کم قیمت 500 روپے فی لیٹر/کلو مقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن نومبر 2026ء کے ٹیکس پیریڈ تک نافذ العمل رہے گا۔