پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان چوتھے ای ایف ایف جائزے کا باقاعدہ آغاز
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود آئی ایم ایف جائزہ مشن نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں وزیر خزانہ نے مشن کا خیرمقدم کیا۔ آئی ایم ایف مشن کی سربراہی آئیوا پیٹرووا کر رہی ہیں، جو چوتھے ای ایف ایف جائزے کیلئے اسلام آباد میں موجود ہیں۔
مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی جانب سے مقررہ اہداف پر پیش رفت اور معاشی اصلاحات کا جائزہ لیا جائے گا۔ فریقین کے درمیان معاشی پالیسیوں اور اصلاحات سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی کے تیسرے جائزے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف مشن کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق چوتھے ای ایف ایف جائزے سے متعلق مذاکرات اسلام آباد میں جاری رہیں گے اور ان میں پروگرام کے تحت ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔