گورنر راج یا ایمرجنسی لگی تو بھرپور مزاحمت کریں گے، بیرسٹر گوہر
راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو بنیاد بنا کر گورنر راج نافذ نہیں کیا جاسکتا، جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال اور صوبوں سے متعلق امور پر بات ہوگی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کی گرفتاری اور صوبائی حکومت کے معاملات سنجیدہ ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو آئندہ کے لائحہ عمل پر متفق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی خودمختاری متاثر ہونے سے وفاق کمزور ہوگا، حکومتیں آئینی اور جمہوری طریقے سے تبدیل ہونی چاہئیں اور غیر آئینی اقدامات سے گریز کیا جائے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا ہے کہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے 27 ستمبر کا مارچ 4 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا تھا اور مطالبات میں ملاقاتوں اور علاج کی سہولت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مارچ کے دوران دھاوا یا حملہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں پارٹی کبھی رکاوٹ نہیں بنی اور شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔