گورنر خیبر پختونخوا اور امیر مقام کی اہم ملاقات، ان ہاؤس تبدیلی اور گورنر راج پر غور

image


پشاور (نیوز ڈیسک): گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر امیر مقام کے درمیان پشاور میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور موجودہ سیاسی حالات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر گفتگو کی۔

ملاقات میں موجودہ صوبائی حکومت کی کارکردگی پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ ان ہاؤس تبدیلی اور گورنر راج سمیت مختلف آئینی آپشنز پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے صوبے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں گورنر راج کو ایک آئینی راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالات کے مطابق اس پر فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اسمبلی کے اندر ان ہاؤس تبدیلی کو بھی ایک ممکنہ راستے کے طور پر پیش کیا اور ہم خیال سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلانے کی تجویز دی۔

دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے موقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی حکومت مناسب سمجھے تو صوبے میں گورنر راج نافذ کر سکتی ہے۔ انہوں نے سہیل آفریدی پر دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ریاست کا ساتھ نہ دینے اور دہشت گردوں کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے صوبے کو موجودہ بحران سے نکالنے اور امن کی بحالی کے لیے آئندہ کی حکمت عملی جلد طے کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔