بیرون ملک جانے والے مسافروں کیلئے اہم سہولت متعارف

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان میں بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کی سہولت کیلئے ای امیگریشن سسٹم متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی جلد نئی ای امیگریشن موبائل ایپ متعارف کرائے گی۔ ایپ کا مقصد ائیرپورٹس پر امیگریشن کے عمل کو ڈیجیٹل اور تیز بنانا ہے۔ 

مسافر ائیرپورٹ پہنچنے سے پہلے ایپ کے ذریعے اپنی سفری دستاویزات اور ضروری معلومات کی جانچ کرا سکیں گے۔ ایف آئی اے فراہم کردہ معلومات کی آن لائن جانچ پڑتال کرے گی اور مکمل دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو کیو آر کوڈ جاری کیا جائے گا۔ ائیرپورٹ پہنچنے پر اسی کیو آر کوڈ کے ذریعے مسافر کا ڈیٹا امیگریشن سسٹم میں فوری منتقل ہو جائے گا۔

حکام کے مطابق جن مسافروں کی دستاویزات میں کسی وضاحت یا مزید کارروائی کی ضرورت ہوگی، انہیں بھی ایپ کے ذریعے پیشگی آگاہ کر دیا جائے گا۔ ایف آئی اے موصول ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے امیگریشن کے دوران رسک پروفائلنگ بھی کرے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایپ کی تیاری آخری مراحل میں ہے اور اس سے ائیرپورٹس پر طویل قطاروں اور تاخیر میں کمی آنے کی توقع ہے۔