ایرانی اسپیکر کا امریکہ کو سخت جوابی کارروائی کا انتباہ
تہران: (ویب ڈیسک) پارلیمان کے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی عوام کو محاصرے اور دھمکیوں کے ذریعے خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے مطابق جس قوم کی تاریخ مضبوط اور درخشاں ہو، اسے دباؤ کے ذریعے مرعوب کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکا اس حقیقت کو نہیں سمجھتا تو اسے ایرانی قوم کی جانب سے بار بار سخت جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
باقر قالیباف نے امریکی صدر کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں ایران اور ایرانی تہذیب سے متعلق بیانات پر بھی ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا نے اپنی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی، تاہم ایران ان بیانات کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ایرانی اسپیکر نے کہا کہ ایران دھمکیوں اور دباؤ کے باوجود اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی صدر کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ امریکا اور دیگر ممالک یہ بات سمجھ لیں کہ اگر ایران خطے میں اپنا تیل فروخت نہیں کرسکتا تو کسی اور کا تیل بھی فروخت نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران کی سلامتی محفوظ نہیں رہی تو کسی بھی دوسرے ملک کا بنیادی ڈھانچہ موجود نہیں رہے گا۔