نیتن یاہو اور اماراتی صدر کی ملاقات، 10 ممالک کے حکام کی شرکت کا اسرائیلی دعویٰ

image


ابوظہبی: (ویب ڈیسک) اسرائیلی نشریاتی ادارے چینل 14 کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو اور اماراتی صدر کی ملاقات دو مرحلوں میں ہوئی، پہلے مرحلے میں میں براہ راست بات چیت کی جبکہ دوسرے مرحلے میں مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام کو شامل کیا گیا۔ رپورٹ میں نامعلوم اماراتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وسیع اجلاس میں امریکا، سعودی عرب، مراکش، مصر، کویت، بحرین، لیبیا اور عمان کے نمائندے شریک ہوئے، تاہم ان ممالک کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

رپورٹ کے مطابق اجلاس میں علاقائی سلامتی اور انٹیلی جنس تعاون مرکزی ایجنڈا تھا، اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان سیکیورٹی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے نئے دفاعی فریم ورک پر بات چیت ہوئی۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران اور یمن کے حوثی گروپ سے متعلق صورتحال اور سعودی عرب کو انٹیلی جنس معاونت فراہم کرنے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔

اجلاس میں آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرتے ہوئے تیل کی ترسیل کے لیے متبادل راستے کے قیام پر بھی گفتگو ہوئی، جو خلیج سے عالمی منڈیوں تک توانائی ترسیل کا اہم ترین راستہ ہے۔ اماراتی خبر رساں ادارے وام اور اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے ملاقات کی تصدیق کی ہے تاہم 10 ممالک کی شرکت اور مخصوص سیکیورٹی منصوبوں کی آزادانہ سرکاری تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔