پریانکا گاندھی نے حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کی اپیل کر دی

image


نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پریانکا گاندھی نے دہلی پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے کے بعد حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بس میں ریکارڈ کیے گئے ویڈیو پیغام میں انہوں نے عوام سے موجودہ حکومت کو اقتدار سے باہر کرنے کی اپیل کی ہے۔ پریانکا گاندھی نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نہ ہٹائی گئی تو ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے۔

پریانکا گاندھی دیگر اپوزیشن ارکان کے ہمراہ جنتر منتر جا رہی تھیں جہاں گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کیا جانا تھا۔ دہلی پولیس نے پریانکا گاندھی، راہول گاندھی اور درجنوں دیگر ارکان کو راستے میں ہی حراست میں لے لیا۔ پریانکا گاندھی نے اس کارروائی کو جمہوریت اور آئینی اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کی آواز سے خوفزدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 300 سے زائد ارکان پارلیمنٹ الیکشن کمشنرز سے ملاقات کرکے ’ووٹ چوری‘ کے معاملے پر استعفے کا مطالبہ کرنا چاہتے تھے۔ راہول گاندھی نے بھی حراست پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات خوف کی وجہ سے کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین اور عوام کی آواز پر حملے کے ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔