ہڈیوں کی کمزوری اور دماغی تنزلی کے درمیان تعلق کا انکشاف
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے محققین کی سربراہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں ہڈیوں کی معدنی کثافت میں کمی اور دماغی تنزلی کے درمیان ممکنہ تعلق سامنے آیا ہے۔ تحقیق کے مطابق کمزور ہڈیوں کا تعلق دماغ کے سفید مادے کی ساخت میں تبدیلیوں اور سوچنے، سمجھنے اور یادداشت کی صلاحیتوں میں نسبتاً تیزی سے کمی سے پایا گیا۔
اس تحقیق میں مجموعی طور پر 715 افراد کے صحت سے متعلق ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ محققین نے سی ٹی اسکین اور مصنوعی ذہانت پر مبنی الگورتھم کی مدد سے ہڈیوں کی معدنی کثافت کا اندازہ لگایا، جبکہ شرکا کی ذہنی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے مختلف ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ نتائج میں ہڈیوں کی کم معدنی کثافت اور دماغ کے سفید مادے میں تبدیلیوں کے درمیان تعلق دیکھا گیا۔
محققین کے مطابق یہ نتائج ثابت نہیں کرتے کہ کمزور ہڈیاں براہِ راست دماغی صلاحیتوں میں کمی کا سبب بنتی ہیں۔ ممکن ہے کوئی مشترکہ عامل ہڈیوں اور دماغ، دونوں کی صحت کو متاثر کر رہا ہو۔ اس تعلق کو بہتر طور پر سمجھنے اور یہ جاننے کے لیے کہ آیا اس کا مستقبل میں ڈیمنشیا جیسی بیماریوں سے بھی تعلق ہے، مزید طویل مدتی تحقیق کی ضرورت ہے۔