زیلنسکی کا ٹرمپ کو جواب، 60 روزہ جنگ بندی ہو تو دو ماہ میں انتخابات کرا دیں گے

image


کیف: (ویب ڈیسک) یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس 60 روز کے لیے جنگ بندی کردے تو یوکرین 2 ماہ میں انتخابات کروا سکتا ہے۔ ان کے مطابق نئے صدر کے انتخاب کا فیصلہ کرنا یوکرینی عوام کا حق ہے۔ زیلنسکی نے واضح کیا کہ جنگ کے دوران آئین اور قانون کے تحت انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔

جمعے کو ٹرمپ کی جانب سے روسی ڈیزل کی بڑی مقدار پر عائد پابندیاں عارضی طور پر اٹھانے کے اعلان کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی۔ ٹرمپ نے یہ اقدام نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایندھن کی قیمتیں کم کرنے میں مدد کے لیے کیا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد یوکرین میں انتخابات کے انعقاد کا معاملہ بھی زیر بحث آگیا۔

اتوار کو امریکی ٹی وی چینل اے بی سی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے لیے پورے احترام کے ساتھ، یوکرین کے رہنماء کا انتخاب کرنا وہاں کے معاشرے اور عوام کا فیصلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرمپ کی ٹیم سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ واقعی یوکرین میں انتخابات چاہتے ہیں تو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے دو ماہ، یعنی 60 روز کیلئے مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کریں۔ روس کے حملے کے آغاز کے بعد 2022ء سے اب تک یوکرین میں انتخابات نہیں ہوئے۔