سعودی ولی عہد کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی

image


ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کو حوثیوں کے مسلسل حملوں کے خدشات کے باعث سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی نقل و حرکت سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت محدود کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ولی عہد کی آمد و رفت بنکروں سے محفوظ بنائے گئے محلات کے درمیان ہوتی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق حوثیوں کے حملوں کو روکنے کیلئے استعمال ہونے والے انٹرسیپٹر میزائلوں کے ذخیرے میں کمی سعودی فضائی دفاع کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ سعودی حکام اہم توانائی تنصیبات اور محلات کو ممکنہ حملوں سے بچانے کیلئے میزائل دفاعی بیٹریاں مختلف مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد حساس تنصیبات اور اہم مقامات کو بہتر تحفظ فراہم کرنا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق بڑھتی ہوئی کشیدگی سعودی عرب کی سلامتی کے ساتھ اس کے معاشی منصوبوں کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ ولی عہد محمد بن سلمان تیل پر انحصار کم کرنے اور ملکی معیشت کو متنوع بنانے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ تاہم سیکیورٹی خطرات اور دفاعی اخراجات میں اضافے سے ان منصوبوں کی تکمیل میں مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔