سعودی عرب پر حملے پاکستان کیلئے تشویش کا باعث ہیں: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حملے پاکستان کیلئے باعثِ تشویش ہیں، کیونکہ پاکستان کے فوجی دستے سعودی عرب میں موجود ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون جاری ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ دفاعی معاہدے کے فعال ہونے کے بعد اس کے تحت آپریشنل فیصلے متعلقہ حکام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کے تناظر میں عملی اقدامات سے متعلق فیصلے مجاز حکام کی سطح پر کیے جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو غیر ملکی مہمان سراہ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے علاقائی صورتِ حال میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور اس کا اعتراف غیر ملکی شخصیات کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان خطے کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور اہمیت کے حامل ہیں۔
افغانستان کی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے سجاد حیدر خان نے کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے الزامات مسترد کیے جانے کے باوجود پاکستان کا مؤقف ہے کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی پناہ گاہیں افغانستان میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ آزاد کشمیر کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ انتخابات کے بعد حکومت سازی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔