بیرونِ ملک ملازمت کی آفر اصلی یا جعلی؟ تصدیق کیلئے طریقہ کار

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) بیرونِ ملک ملازمت کی تلاش میں مصروف پاکستانی شہریوں کو جعلی بھرتیوں، سائبر فراڈ اور جعل سازی سے محفوظ رکھنے کیلئے مائیگرنٹ ریسورس سینٹر نے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ واٹس ایپ، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موصول ہونے والی ملازمت کی پیشکش قبول کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق ضرور کی جائے۔

مائیگرنٹ ریسورس سینٹر کے مطابق ملازمت کی پیشکش کی تصدیق کیلئے دو طریقے اختیار کیے جاسکتے ہیں۔ پہلے طریقے کے تحت ملازمت دینے والی کمپنی کی ویب سائٹ اور رابطے کی معلومات چیک کرنے کے ساتھ ملازمت، تنخواہ، ویزے اور معاہدے کی تفصیلات کی تصدیق کی جائے۔ اگر پیشکش کسی بھرتی ایجنسی کے ذریعے موصول ہوئی ہو تو دوسرے طریقے کے تحت متعلقہ سرکاری ویب سائٹ سے ایجنسی کا لائسنس نمبر اور رجسٹریشن کی حیثیت چیک کی جائے۔

ادارے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیرمعمولی طور پر زیادہ تنخواہ اور فوری ویزے کے وعدوں پر بھروسا نہ کریں اور کمپنی کے اکاؤنٹ کے بجائے کسی ذاتی اکاؤنٹ میں رقم جمع کرانے سے گریز کریں۔ تصدیق کے بغیر دستاویزات یا رقم فراہم کرنا بھی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ مزید رہنمائی حاصل کرنے یا کسی شکایت کے اندراج کیلئے شہری مائیگرنٹ ریسورس سینٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔