امریکی فوجی تنصیب کے اوپر پراسرار سیاہ تکون نما شے کی پرواز
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے غیر شناخت شدہ اڑنے والی اشیاء سے متعلق جاری کردہ نئی دستاویزات میں ایک پراسرار واقعے کا ذکر سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آغاز میں مغربی امریکا کی ایک حساس فوجی تنصیب کے اوپر سیاہ تکون نما شے دیکھی گئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق 2 سینئر فوجی مبصرین نے اس شے کی غیر معمولی نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا۔
دستاویزات میں شامل رپورٹ کے مطابق مذکورہ شے حیرت انگیز رفتار سے حرکت کر رہی تھی اور اس کی ساخت روایتی فوجی طیاروں یا ڈرونز سے مختلف دکھائی دیتی تھی۔ مبصرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس میں انجن یا دیگر معروف فضائی آلات کی نمایاں خصوصیات نظر نہیں آئیں۔ تاہم دستیاب تفصیلات سے شے کی اصل نوعیت اور اس کی شناخت کی تصدیق نہیں ہوتی۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ پراسرار شے اچانک خاموشی کے ساتھ نظروں سے اوجھل ہوگئی اور اس کے پیچھے دھوئیں یا گیس کا کوئی واضح نشان دکھائی نہیں دیا۔ اس واقعے کے حوالے سے کسی ٹھوس جسمانی ثبوت کی موجودگی بھی رپورٹ میں سامنے نہیں آئی۔ ماہرین کیلئے اس شے کی شناخت اور واقعے کی حقیقت جاننے کیلئے مزید شواہد اور تفصیلی تحقیقات اہم ہوں گی۔