ایران کا جنگ بندی کیلئے تمام محاذوں پر لڑائی روکنے پر زور

image


تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی کیلئے مشرقِ وسطیٰ کے تمام محاذوں پر لڑائی روکنے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی ایک علاقے میں بھی جنگ جاری رہی تو پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوران تہران نے مسلسل اس بات پر زور دیا ہے کہ جنگ بندی کا اطلاق خطے کے تمام محاذوں پر ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے کو جنگ بندی کے دائرے سے باہر رکھنے کا نتیجہ کشیدگی کے تسلسل کی صورت میں نکل سکتا ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ خطے کے ایک حصے میں جنگ جاری رکھتے ہوئے دوسرے حصے میں امن کی توقع رکھنا حقیقت پسندانہ نہیں، کیونکہ علاقائی تنازعات ایک دوسرے سے گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پائیدار امن کیلئے ضروری ہے کہ تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں روکی جائیں اور تنازعات کے حل کیلئے سنجیدہ سفارتی کوششیں کی جائیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے میزائل حملوں کے نتیجے میں زمین پر موجود درجنوں امریکی لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے خلاف دوبارہ کوئی فوجی کارروائی کی گئی تو تہران پوری طاقت کے ساتھ اس کا جواب دے گا۔ ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کسی محدود جنگ بندی کے بجائے خطے میں جاری تمام محاذوں پر کشیدگی کے خاتمے کو اہمیت دے رہا ہے۔ مبصرین کیلئے اب اہم سوال یہ ہے کہ آیا پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششیں فریقین کو جامع جنگ بندی پر متفق کر سکیں گی یا اختلافات خطے میں مزید عدم استحکام کا سبب بنیں گے۔