پنجاب کے پہلے جدید فلم سٹی کا افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا، فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے بڑے اقدامات
لاہور: (نیوز ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب فلم اتھارٹی کے پہلے اجلاس میں فلمی صنعت کی ترقی کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں تیار ہونے والی پنجابی فلموں کو 35 فیصد اور اردو فلموں کو 20 فیصد ریبیٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پنجاب اور پاکستان کے پہلے رائلٹی قانون کی تیاری کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ مجوزہ قانون کو پنجاب فلم اتھارٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں فلم اینڈ میوزک اسکول، فلم ٹریڈنگ ہاؤس، پوسٹ پروڈکشن سہولت، اسٹوڈیو کمپلیکس، جدید فلم اسٹوڈیوز اور پاکستان کے سب سے بڑے کنونشن سینٹر کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ مالی سال 2026-27 کے لیے فلم سٹی اتھارٹی کا 58 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ جائزے کے لیے فنانسنگ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا، جبکہ اتھارٹی کی 53 آسامیوں میں سے پہلے مرحلے میں 26 افراد بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی۔ بھرتیوں اور برطرفیوں کا اختیار بورڈ کے پاس ہوگا۔
اجلاس میں چھ مختلف کمیٹیوں کے قیام اور پنجاب فلم فنڈ کمیٹی کی تشکیل پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ پرانے سینما گھروں کی بحالی، سولر سسٹم کی تنصیب اور عوام کو کم قیمت پر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ ان منصوبوں کو پنجاب میں فلم سازی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور مقامی فلمی صنعت کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
#NationalNews
#25thOct2026
#PunjabFilmCity
#MaryamAurangzeb
#PakistaniCinema
#FilmIndustry
#Lahore
#Pakistan
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork