ایران کا امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جنوبی ساحلی شہر بندر عباس کے اوپر امریکی ساختہ لوکاس ڈرون مار گرایا ہے۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق اتوار کے روز مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت ڈرون کو نشانہ بنایا گیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لوکاس ایک خودکش ڈرون ہے جس کی تیاری میں ایرانی شاہد ڈرون کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا گیا۔
یہ واقعہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے۔ امریکی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف ممکنہ نئے حملوں کی تیاری شروع کردی ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعلق بڑے حملوں کے امکان کا ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا نے تیسرا طیارہ بردار بحری بیڑہ اور مزید 10 ہزار میرینز مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ کیے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے اسرائیل کو کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنے کی تنبیہ کی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے اسرائیلی فوج کے زیر قبضہ علاقوں کا نقشہ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کی ایک غلطی بھی سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کے مطابق مقبوضہ علاقوں کو ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں رہائش کے قابل نہ رہنے دینے کی صلاحیت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔