اسحاق ڈار اور چینی سفیر کی اہم ملاقات

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک، علاقائی رابطوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے جاری تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل انتہائی اہم ہے، جبکہ دونوں  جانب سے نئے دور میں پاک چین مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔