خیبرپختونخوا میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری
پشاور: (نیوز ڈیسک) سینٹرل پولیس آفس کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کے 9 منصوبوں کے لیے ایک ارب 3 کروڑ 68 لاکھ 75 ہزار روپے، جبکہ ایکسلریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام (اے آئی پی) اسکیموں کے لیے 4 ارب 26 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ مخصوص اضلاع میں پولیس کی تکنیکی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب 86 کروڑ 75 لاکھ روپے، جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے انفرااسٹرکچر منصوبوں کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے لیے الگ الگ ایک ارب 20 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔
فنڈز میں صوبے کی ہر تحصیل اور ٹاؤن ہیڈکوارٹر میں ماڈل پولیس اسٹیشنوں کی فزیبلٹی اسٹڈی اور تعمیر کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ روپے، پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر و بحالی کے لیے بھی 2 کروڑ 70 لاکھ روپے شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی کے ریجنل ہیڈکوارٹرز اور پولیس انفرااسٹرکچر کی فزیبلٹی اسٹڈیز کے لیے الگ الگ ایک کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کیے گئے، جبکہ چارسدہ میں پولیس اسٹیشن مندنی کی تعمیر کے لیے 3 کروڑ اور مردان میں پانچ پولیس چوکیوں کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ سی ٹی ڈی کے ضلعی سیٹ اپ اور پشاور ریجنل ہیڈکوارٹر کی تعمیر کے لیے 60 کروڑ 48 لاکھ روپے، ایف آر پی پولیس لائنز پشاور کی بحالی و توسیع کے لیے 18 کروڑ 87 لاکھ روپے اور ٹانک میں پولیس لائنز کی زمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے بھی جاری کیے گئے ہیں۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق تمام فنڈز مقررہ طریقہ کار اور مدت کے اندر متعلقہ منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کو مضبوط بنانے اور انفرااسٹرکچر بہتر کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔
#NationalNews
#24thOct2026
#KhyberPakhtunkhwa
#KPPolice
#CTD
#CounterTerrorism
#PoliceFunding
#Pakistan
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork