فیفا پرو مینز ورلڈ الیون 2026ء کے ابتدائی کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا گیا
زیورخ: (اسپورٹس ڈیسک) فیفا پرو مینز ورلڈ الیون 2026ء کے لیے 26 نامزد کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس میں دنیا کے کئی معروف فٹبالرز شامل ہیں۔ نامزد کھلاڑیوں میں ہیری کین، کائیلیان ایمباپے، ایرلنگ ہالینڈ اور لامین یامال کے علاوہ لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو بھی شامل ہیں۔
اس ایوارڈ کی خاص بات یہ ہے کہ فاتح کھلاڑیوں کا انتخاب صحافیوں یا شائقین کے بجائے خود پروفیشنل فٹبالرز کرتے ہیں۔ فیفا پرو کے مطابق رواں سال 73 ممالک سے تعلق رکھنے والے 19 ہزار 806 فٹبالرز نے ووٹنگ میں حصہ لیا، جبکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ 4 اگست 2025 سے 19 جولائی 2026 تک لیا گیا ہے۔
ورلڈ الیون کی حتمی ٹیم کا اعلان 9 نومبر 2026 کو کیا جائے گا، جس میں ایک گول کیپر، تین ڈیفینڈرز، تین مڈفیلڈرز اور تین فارورڈز شامل ہوں گے۔ گیارہویں کھلاڑی کا انتخاب سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے آؤٹ فیلڈ کھلاڑیوں میں سے کیا جائے گا، جبکہ میسی اور رونالڈو بالترتیب 39 اور 41 سال کی عمر میں بھی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔