پاکستان ریلوے کی آمدن رواں سال 160 ارب روپے تک پہنچانے کا ہدف، مسائل کے حل کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر
راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی 11 نئی کوچز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے نئی بوگیوں کا معائنہ کیا اور نجکاری کے عمل میں ٹرین حاصل کرنے والی اے اے انٹرپرائزز کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام ایکسپریس کی حالت پہلے بہتر نہیں تھی، تاہم نجی شعبے کے تعاون سے اس کی تزئین و آرائش مکمل کرلی گئی ہے اور ٹرین کو کامیاب بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق وزیراعظم کے وژن کے تحت ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کی جارہی ہیں، جبکہ ریلوے کی آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ ملازمین کی تنخواہیں باقاعدہ کردی گئی ہیں اور صفائی کا نظام بھی بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 60 ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، جبکہ 15 سال سے بند لاہور ریلوے ورکشاپ کو بھی بحال کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق 2008 سے بند انجنوں اور پہیوں کی مرمت کرنے والی پانچوں ورکشاپس دوبارہ فعال کردی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ 40 ٹرینوں میں سے 20 میں مکمل بریکیں موجود نہیں ہیں، تاہم ریلوے کے مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر تک خصوصی اقدامات کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے افسران و عملے کو مسلسل فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
#NationalNews
#9thNov2026
#PakistanRailways
#HanifAbbasi
#AwamExpress
#RailwayReforms
#Privatization
#NationalIssue
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork