کوہاٹ میں سونے کا بڑا اسکینڈل بے نقاب
پشاور: (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے پشاور میں پریس کانفرنس میں بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے کوہاٹ میں ایک آپریشن ہوا تھا، جس میں پتا چلا کہ وہاں سے کئی کلو سونا غیر قانونی طریقے سے نکالا جا رہا تھا۔ اختیار ولی کے مطابق کوہاٹ میں تقریباً 2 ہزار ایسی مشینیں کام کر رہی تھیں جو زمین کھودتی ہیں۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے پورے پاکستان کی مشینیں کوہاٹ میں لگا دی گئی ہوں۔
صرف ایک دن میں 90 کلو گرام سونا نکالا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس 90 کلو سونے کی قیمت 4 ہزار ارب روپے سے بھی زیادہ بنتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا سے نکلنے والے سونے کا 80 فیصد افغانستان چلا جاتا ہے۔ اس غیر قانونی مائننگ کا فائدہ نہ کے پی کے لوگوں کو ہو رہا ہے اور نہ ہی ملک کے خزانے کو۔ اختیار ولی نے کہا کہ غیر قانونی مائننگ کیلئے پچھلی کے پی حکومت نے صرف پونے 5 ارب روپے میں لیز دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورت نعروں کے پیچھے کتنا گند چھپا ہوا تھا، اب وہ سامنے آ گیا ہے۔
ان کے مطابق دہشت گردی اور غیر قانونی کاروبار آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ یہ پیسہ ریاست کو کمزور کرنے کیلئے استعمال کیا گیا۔ افغان کمانڈروں کو مدد دینے کیلئے یوتھ کمیٹی بنائی گئی۔ دہشت گرد عناصر ان لوگوں کو تحفظ دیتے تھے جو غیر قانونی مائننگ کرتے تھے۔ اختیار ولی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس سارے گٹھ جوڑ کا سربراہ سابق وزیر قانون آفتاب عالم تھا۔