خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق اہم عدالتی فیصلہ

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کے آئینی اختیارات سے متعلق سابقہ حکم کی وضاحت کر دی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ 5 نومبر کے حکم میں پابندی صرف گورنر راج اور ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق مقدمات تک محدود تھی۔ اس وضاحت کے بعد پشاور ہائیکورٹ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دیگر آئینی درخواستوں کی سماعت جاری رکھ سکے گی۔ 

سماعت کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ سابقہ حکم سے شہریوں اور وکلاء کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے ایم پی او کے تحت گرفتار سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو عدالتی ریلیف دینے کی استدعا کی۔ بیرسٹر گوہر نے یہ بھی نشاندہی کی کہ صوبے میں نظر بندی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے تاحال ریویو بورڈ تشکیل نہیں دیا گیا۔ 

خیبرپختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 3 ماہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد ریویو بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ عدالت نے بار کونسل کو مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دیتے ہوئے اسے اہم آئینی معاملہ قرار دیا۔ بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔