حکومت کا کاروباروں کو 300 ارب روپے کی مالیاتی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے) کے چیئرمین سید ضیاء علمدار حسین نے حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایس ایم ای سیکٹر کو مضبوط بنانے اور برآمدات میں اضافے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزارت خزانہ اور پاک ایگزم بینک کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ورکنگ کیپیٹل تک سستی رسائی ایس ایم ایز کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، خصوصاً ان کاروباروں کے لیے جو پیداواری صلاحیت بڑھانے، نئے برآمدی آرڈرز حاصل کرنے اور عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کے خواہش مند ہیں۔
پی ایچ ایم اے کے چیئرمین کے مطابق 300 ارب روپے کی مختص رقم سے اہل کاروباروں کو مطلوبہ مالی معاونت حاصل کرنے اور اپنی مسابقت بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم ایز صنعتی تنوع، روزگار کے مواقع، کاروباری سرگرمیوں اور پائیدار اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ بہتر فنانسنگ سے انہیں برآمدی منڈیوں میں داخل ہونے اور کاروبار وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ بینکوں پر زور دیا کہ فنانسنگ درخواستوں کی شفاف اور بروقت جانچ پڑتال یقینی بنائیں، اہلیت کی شرائط واضح کریں اور مستحق کاروباروں کو غیر ضروری تاخیر کے بغیر سہولت فراہم کریں۔
ضیاء علمدار حسین نے امید ظاہر کی کہ حکومت کاروباری لاگت کم کرنے، فنانس تک رسائی بہتر بنانے، توانائی کے مسابقتی نرخ یقینی بنانے اور برآمدی ماحول کو مستحکم کرنے کے لیے کاروبار دوست پالیسیاں متعارف کرائے گی۔ انہوں نے ٹیکسٹائل، ہوزری اور نٹ ویئر کی برآمدات بڑھانے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے پی ایچ ایم اے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
#NationalNews
#15thNov2026
#SMEFinancing
#PakistanExports
#PakEximBank
#ExportFinance
#TextileExports
#Business
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork