آئی ایم ایف کا پاکستان سے ایندھن سبسڈی ختم کرنے پر زور، ریلیف صرف مستحق طبقے تک محدود رکھنے کی ہدایت
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) آئی ایم ایف کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں جاری ایندھن سبسڈی اسکیم کو مرحلہ وار ختم کیا جانا چاہیے، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں توقع سے زیادہ بڑھنے کی صورت میں کسی بھی مالی معاونت کو مخصوص اور مستحق طبقات تک محدود رکھا جائے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ایسی امداد کے اخراجات مالی سال 2026-27 کے منظور شدہ بجٹ کی حدود میں پورے کیے جائیں۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر کم آمدنی والے طبقے کو تحفظ دینے کے لیے ستمبر میں سبسڈی اسکیم شروع کی تھی، جس کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو ہفتہ وار 500 روپے مالیت کا پٹرول ٹوکن دیا جاتا ہے، جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان کو ہر 10 روز میں زیادہ سے زیادہ 10 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت فراہم کی جاتی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان نے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق رکھنے کا وعدہ کر رکھا ہے، تاہم کمزور اور مستحق طبقے پر مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے اقدامات بھی ضروری ہیں۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ، آبنائے ہرمز کی بندش اور عالمی جہاز رانی میں رکاوٹیں پاکستان کی معیشت کے لیے بڑے چیلنجز ہیں، کیونکہ ملک تیل اور گیس کی درآمدات کے لیے خلیجی ممالک پر انحصار کرتا ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح 9.6 فیصد رہی، جو ستمبر میں 10.3 فیصد تھی۔ آئی ایم ایف نے معاشی استحکام، سرکاری مالیات میں بہتری، مسابقت اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے ساتھ سماجی تحفظ، انسانی وسائل اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔
گزشتہ ماہ پاکستانی حکام سے مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ کیا تھا، جس کی منظوری ایگزیکٹو بورڈ سے ہونا باقی ہے۔ منظوری کی صورت میں پاکستان کو توسیعی فنڈ سہولت کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے تحت 21 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے، جس کے بعد آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریباً 5 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق ای ایف ایف اور آر ایس ایف کے جائزوں اور 2026 کے آرٹیکل فور مشاورتی عمل سے متعلق ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اگلے ماہ متوقع ہے، تاہم اس کا انعقاد پروگرام کی شرائط پوری ہونے سے مشروط ہوگا۔
#NationalNews
#15thNov2026
#IMF
#PakistanEconomy
#FuelSubsidy
#PetroleumPrices
#EconomicReforms
#Inflation
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork