تھائی لینڈ کے جزیرے فوکٹ میں خوفناک آتشزدگی، 11 افراد جاں بحق
بینکاک: (ویب ڈیسک) قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق تھائی لینڈ کے مشہور سیاحتی جزیرے فوکٹ کے علاقے پٹونگ میں پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق 3 بج کر 17 منٹ پر ایک تجارتی عمارت میں اچانک آگ لگ گئی۔ اس عمارت میں ایک ریسٹورنٹ، کرائے کی رہائش گاہیں اور موٹر سائیکلیں کرائے پر دینے کی دکان موجود تھی۔ شعلوں نے تیزی سے شدت اختیار کرتے ہوئے قریبی عمارتوں کو بھی متاثر کیا۔
حادثے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ اور امدادی عملے نے فوری موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا، فوکٹ کے گورنر چوڈنارِن کوئڈسوم نے بتایا کہ موٹر سائیکل رینٹل شاپ میں تقریباً 100 موٹر سائیکلیں، گیس، انجن آئل، ٹائر اور پلاسٹک کا سامان موجود تھا، جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی اور عمارت زہریلے دھوئیں سے بھر گئی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس سربراہ سوراچائی سوکسائی کے مطابق ابتدائی تفتیش میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے اور خدشہ ہے کہ آگ قریبی بجلی کے ٹرانسفارمر میں دھماکے کے بعد لگی۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کوئی غیر ملکی سیاح متاثر نہیں ہوا جبکہ زخمی ہونے والے 15 تھائی اور ایک میانمار شہری کو سانس لینے میں دشواری اور شیشوں کی چوٹوں کے باعث طبی امداد دی جا رہی ہے۔