ایران کا عالمی برادری سے اظہارِ تشکر، علاقائی تعاون پر زور
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران کے خلاف ہونے والی جارحیت کی مذمت کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات میں اصولی مؤقف اختیار کرنے والے ممالک کا تعاون قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے یہ اظہارِ خیال اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کو باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اپنے تعلقات مزید مستحکم کرنے چاہئیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کو محض رسمی اجلاسوں تک محدود رکھنے کے بجائے مضبوط علاقائی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کا مؤثر پلیٹ فارم بنانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی ایسے تین بنیادی اسٹریٹجک ستون ہیں جن پر تنظیم کے مستقبل کے تعاون کی بنیاد استوار ہونی چاہیے۔ ان شعبوں میں مشترکہ منصوبہ بندی اور عملی اقدامات سے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو نئی وسعت دی جاسکتی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی روابط کے فروغ، تجارتی رکاوٹوں میں کمی اور توانائی کے شعبے میں اشتراکِ عمل کو خطے کی معاشی مضبوطی کیلئے ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ رکن ممالک کو دستیاب وسائل اور جغرافیائی اہمیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تجارت اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانا چاہیے۔ ان کا مؤقف تھا کہ مؤثر علاقائی تعاون نہ صرف اقتصادی ترقی کی راہیں کھول سکتا ہے بلکہ خطے میں استحکام، خودمختاری اور مشترکہ خوشحالی کے امکانات بھی بڑھا سکتا ہے۔