ہاؤسنگ فنانس کے لیے مطلوبہ دستاویزات 25 سے کم کر کے 5 کر دی گئیں
اسلام آباد: (اکنامکس ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں ہاؤسنگ فنانس، زرعی قرضوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مالی وسائل کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک 448 ارب روپے مالیت کے 75 ہزار 198 قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ 14 ہزار افراد کو مجموعی طور پر 76 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے ہیں۔ رواں سال ایک لاکھ 25 ہزار رہائشی یونٹس کے لیے 700 ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ زرعی شعبے کے لیے قرضوں کا مجموعی حجم 1,352 ارب روپے ہے، جس سے 34 لاکھ 55 ہزار افراد مستفید ہو چکے ہیں۔ جون 2027 تک زرعی قرضوں کا حجم 1,500 ارب روپے اور مستفید ہونے والوں کی تعداد 45 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف ہے۔ اسی طرح ایس ایم ای شعبے میں 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد کاروباری افراد کو 1,137 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ جون 2027 تک قرضوں کا حجم 1,500 ارب روپے اور قرض حاصل کرنے والے کاروباری اداروں کی تعداد 5 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ، زراعت اور ایس ایم ایز کو بروقت قرضوں کی فراہمی ملکی معیشت کے فروغ کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں، سیکرٹریز اور اسٹیٹ بینک کو اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت رواں ماہ کے اختتام تک مکمل کرکے سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے غیر فعال پاسکو گوداموں اور سائلوز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال بنانے، اجناس کے ذخیرے کے عوض کسانوں کو قرض دینے کے الائیڈ بینک ماڈل کو وسعت دینے، ایس ایم ای پارک کے منصوبے پر پیش رفت اور ہاؤسنگ فنانس کے لیے ملکیتی دستاویزات کے حصول کو آسان بنانے کی بھی ہدایت کی۔
#BusinessNews
#14thOct2026
#PrimeMinister
#ApnaGharScheme
#HousingFinance
#AgricultureLoans
#SMEFinance
#PakistanEconomy
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNBusiness
#TheViewsNetwork