شینزن میں پیوٹن کے ہمراہ روسی جوہری بریف کیس کی موجودگی نے عالمی سطح پر نئی بحث چھیڑ دی
شینزن: (ٹیکنالوجی ڈیسک) شینزن میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ ایک سیاہ بریف کیس دیکھا گیا، جس کے بعد عالمی میڈیا میں اس کی خوب چرچا ہو رہی ہے۔ روسی سرکاری ٹی وی کے رپورٹر نے کیمرے کے سامنے تصدیق بھی کی کہ یہ بریف کیس روس کا جوہری بریف کیس ہے، جسے روسی زبان میں چیگٹ کہا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیگٹ کوئی عام سوٹ کیس نہیں ہے بلکہ یہ ایک خصوصی مواصلاتی نظام ہے، جس کے ذریعے روسی صدر کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اپنی فوجی کمانڈ سے رابطہ کر سکتے ہیں اور جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا حکم دے سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فلموں میں دکھایا جانے والا تصور درست نہیں ہے کہ بریف کیس کھولنے اور بٹن دبانے سے میزائل چل پڑتا ہے۔ حقیقت میں یہ بریف کیس خود میزائل نہیں چلاتا، بلکہ صدر کا حکم فوجی کمانڈ سسٹم تک پہنچاتا ہے، جس کے بعد کئی فوجی اور تکنیکی مراحل سے گزر کر اس پر عمل ہوتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق روس کے پاس ایسے تین بریف کیس موجود ہیں۔ ایک صدر، ایک وزیر دفاع اور ایک مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے سربراہ کے لیے مختص ہے۔
یہ نظام 1983ء میں سوویت یونین کے دور میں فوجی استعمال میں آیا تھا۔ روسی روایت کے مطابق صدر کے ساتھ سفر کرنے والا بحری افسر یہ بریف کیس اٹھاتا ہے۔ امریکہ میں بھی اسی مقصد کے لیے ایک خصوصی بریف کیس صدر کے ساتھ سفر کرتا ہے، جسے نیوکلیئر فٹ بال کہا جاتا ہے۔
امریکی صدر کے پاس ایک خصوصی کارڈ بھی ہوتا ہے جسے بسکٹ کہا جاتا ہے، جس میں تصدیقی کوڈز موجود ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس نظام کی وجہ جوہری حکمت عملی ہے۔ اگر صدر کسی دوسرے ملک میں ہوں اور اس دوران ان کے ملک پر حملہ ہو جائے، تو ضروری ہے کہ وہ جہاں بھی ہوں، اپنی فوج سے رابطہ کر کے جوابی کارروائی کا فیصلہ کر سکیں۔ اس نظام کا ایک اہم مقصد دشمن کو حملے سے روکنا بھی ہے، جسے فوجی زبان میں نیوکلیئر ڈیٹرنس کہا جاتا ہے۔
بین الاقوامی سیاست کے ماہرین کا کہنا ہے کہ شینزن میں روسی سرکاری ٹی وی پر اس منظر کو دکھانا محض سیکیورٹی انتظام نہیں تھا۔ یہ ایک سیاسی پیغام بھی ہو سکتا ہے، جس کے ذریعے پیوٹن دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ روس اب بھی دنیا کی بڑی طاقتوں میں شامل ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اکتوبر 2023ء میں بیجنگ کے دورے کے دوران بھی پیوٹن کے ہمراہ ایسے بریف کیس دیکھے گئے تھے۔