مختصر فارمیٹ کی کامیاب ترین جوڑی

image

بابر اور رضوان کا نیا ریکارڈ، ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ شراکتی رنز بنانے والی جوڑی بن گئی، کوہلی اور گیل کی جوڑی دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

برمنگھم: (اسپورٹس ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جوڑی ٹی 20 فارمیٹ کی کامیاب ترین جوڑی بن گئی ہے۔ انگلینڈ کیخلاف میچ میں ایک مرتبہ پھر بابر اعظم اور محمد رضوان نے اوپننگ کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے 50 سے زائد رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔ مختصر ترین فارمیٹ میں دونوں بیٹرز کی جوڑی 50 یا اس سے زائد کی 24 مرتبہ شراکت داری کرنے والے پیئر ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

بابر اور رضوان 24 ففٹی پلس اسکور کو 10 مرتبہ پاکستان کیلئے سینچری اسٹینڈ میں بھی تبدیل کر چکے ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل فرنچائز رائل چیلنجر بنگلورو کی معروف ترین جوڑی کرس گیل اور ویرات کوہلی کے ریکارڈ کو پاش پاش کر دیا ہے۔ انہوں نے 23 مرتبہ ففٹی یا اس سے زائد اسکور کر رکھا تھا۔

قومی ٹیم کے علاؤہ بابراعظم اور محمد رضوان کراچی کنگز کیلئے پاکستان سپر لیگ میں کھیل چکے ہیں۔ بابر رضوان کی جوڑی ٹی 20 فارمیٹ کی 65 اننگز میں 3 ہزار 227 رنز کیساتھ ٹاپ پر موجود ہے۔  ویرات کوہلی اور اے بی ڈی ویلیئرز کی جوڑی نے مجموعی طور پر 3 ہزار 175 رنز بنائے تھے۔