ملکی برآمدات 30 ارب 64 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں
پاکستانی اشیا کی برآمدات میں 10.54 فیصد اضافہ، جولائی 2023ء سے برآمدات میں بتدریج اضافہ شروع ہوا، ملک کی تاریخ کی بُلند ترین 31 ارب 78 کروڑ ڈالر کی برآمدات مالی سال 22-2021 میں ریکارڈ کی گئی تھیں۔
اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ مالی سال 24-2023ء کے دوران پاکستانی اشیا کی برآمدات میں 10.54 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد ملکی برآمدات کا حجم 30 ارب 64 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس برآمدات کا حجم 27 ارب 72 کروڑ ڈالر رہا تھا۔ جولائی 2023ء سے برآمدات میں بتدریج اضافہ شروع ہوا۔ ملک کی تاریخ کی بُلند ترین 31 ارب 78 کروڑ ڈالر کی برآمدات مالی سال 22-2021ء میں ریکارڈ کی گئی تھیں، تاہم اس کے بعد برآمدات گر کر 27 ارب 54 کروڑ ڈالر رہ گئی تھیں۔
نگران حکومت کی جانب سے کئے گئے متعدد اقدامات کے باعث برآمدات بڑھ کر 30 ارب 65 کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں۔جون میں برآمدات 7.34 فیصد اضافے کے بعد 2 ارب 53 کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں۔ گزشتہ برس کے اسی مہینے میں 2 ارب 35 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ بجٹ 25-2024ء میں لاگو کردہ ٹیکس اقدامات کے منفی نتائج برآمد ہوں گے، انہیں یقین ہے کہ ان اقدامات سے ملک کی برآمدات میں کمی واقع ہو گی۔