آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی مزید مہنگی

فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے مقرر، وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024ء سے ہو گا۔
اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنے کیلئے گھریلو صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی کر دی گئی ہے۔ فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے مقرر کر دیا گیا ہے۔ 18 فیصد سیلز ٹیکس کے بعد فی یونٹ بنیادی ٹیرف 57 روپے 63 پیسے تک بڑھ جائے گا۔ اس کے علاؤہ ایڈجسٹمنٹس اور دیگر ٹیکسز ملا کر فی یونٹ بجلی کا زیادہ سے زیادہ ٹیرف 65 روپے سے بھی بڑھ جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری دی ہے۔ اس سے قبل 14 جون کو نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5.72 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔ ٹیرف میں اضافہ مالی سال 2024-25ء کیلئے کیا گیا تھا، بعد ازاں نیپرا نے بجلی کے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا تھا۔
نیپرا کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024ء سے ہو گا۔ نیپرا کے فیصلے کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے سے بجلی صارفین پر تقریبا 600 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا- آئی ایم ایف شرائط کے تحت وفاقی حکومت کو 10 جولائی تک بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کرنا ہو گا۔