چیئرمین پی سی بی سے ٹیم کوچز کی ملاقات

image

ٹی 20 ورلڈ کپ ناقص کارکردگی پر گفتگو، محسن نقوی نے ٹیم کی بہتری کیلئے کوچز کو فری ہینڈ دے دیا، ٹیم میں کھلاڑیوں کی شمولیت فٹنس سے مشروط کر دی گئی۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن، ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں غیر ملکی کوچز نے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے پلان سے آگاہ کیا۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کوچز کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں فری ہینڈ دے دیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کوچز کو کہا کہ کھلاڑیوں کی کوچنگ کے حوالے سے آپ کو پوری سپورٹ دیں گے۔

محسن نقوی نے ملاقات میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کوچنگ کے امور پر تبادلہء خیال کیا۔ قومی ٹیم کی بیٹنگ، بولنگ اور بالخصوص فیلڈنگ کو بہتر بنانے کیلئے جامع پلان وضح کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی کی کوچز سے ملاقات میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی اور شکست کی وجوہات بیان کی گئیں اور غلطیوں کی نشاندہی کی گئی۔

کوچز سے ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی کھلاڑی کی قومی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔ پاکستانی ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، صرف اچھے کمبینیشن کا فقدان ہے۔ محسن نقوی نے کوچز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ کوچز کو کھلاڑیوں کی تربیت کے حوالے سے فری ہینڈ دیکر مکمل سپورٹ دیں گے۔