وقار یونس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
وقار یونس کی تقرری چیلنج، درخواست گزار نے چیئرمین پی سی بی کو فریق بنا لیا، سابق کوچ وقار یونس کی تقرری پہلے اور خالی آسامی کا اشتہار ایک ماہ بعد شائع کیا گیا ہے۔
لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے ایڈوائزر وقار یونس کی تقرری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ شہری مشکور حسین نے ندیم سرور کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، پی سی بی اور وقار یونس کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پی سی بی نے گزشتہ ماہ وقار یونس کو ایڈوائزر مقرر کیا۔ اس غیر معمولی قدم میں انہوں نے اس ماہ اب مذکورہ عہدے کیلئے ایک اشتہار دے کر درخواستیں طلب کی ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق محسن نقوی کی زیر قیادت پی سی بی نے وقار یونس کی خدمات حاصل کرنے کے عمل میں جو عجیب و غریب طریقہ اختیار کیا ہے وہ بورڈ کے انتظامی امور کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی سی بی نے اسی طرز پر سابق کرکٹر گیری کرسٹن اور سابق آسٹریلوی ٹیسٹ فاسٹ مین جیسن گلیسپی کو بطور کوچ مقرر کیا تھا۔ انہوں نے استدعا کی کہ وقار یونس کی بطور ایڈوائزر تقرری قانون کے منافی ہے کیونکہ ان کی تقرری کیلئے اخبار میں کوئی اشتہار نہیں دیا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ وقار یونس کی بطور ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی تقرری کالعدم قرار دے۔