جسمانی توانائی بڑھانے والی غذائیں

image

میٹھے مشروبات جسمانی توانائی کے احساس کو بڑھانے کا باعث، ناشتے میں جو کا استعمال دن بھر جسمانی طور پر مستعد رکھتا ہے، لوبیا، مٹر، دالیں اور سویا بین وغیرہ پروٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ہیں۔ 

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ میٹھے مشروبات جن میں چینی کا زیادہ استعمال کیا گیا ہو جسم میں توانائی کے احساس کو بڑھانے کا باعث بنتے ہیں، تاہم یہ توانائی بہت جلد نقاہت میں تبدیل ہو جاتی ہے جس سے دوبارہ بھوک لگنے لگتی ہے۔ پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس، صحت بخش چکنائی اور پروٹین کو ہمارا جسم دیر سے ہضم کرتا ہے جس سے بھوک نہیں لگتی جبکہ جسمانی توانائی کی سطح طویل وقت تک مستحکم رہتی ہے۔ آج ہم ایسی غذاؤں کے بارے میں بات کریں گے جن کا استعمال جسمانی توانائی کیلئے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

جو کا دلیہ دیر سے ہضم ہوتا ہے اور اس کو کھانے کے بعد جسمانی توانائی میں بتدریج اضافہ ہوتا ہے۔ جو میں کاربوہائیڈریٹس موجود ہوتے ہیں جبکہ فائبر اور دیگر غذائی اجزا کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ناشتے میں اس کا استعمال دن بھر جسمانی طور پر مستعد رکھ سکتا ہے۔ ایک انڈے میں محض 70 کیلوریز ہوتی ہیں جبکہ 6 گرام پروٹین جسم کو ملتا ہے۔ یہ پروٹین جسمانی ایندھن کا کام کرتا ہے جو سست روی سے جلتا ہے جبکہ انڈے کھانے سے پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے جس سے بے وقت کھانے کی خواہش نہیں ہوتی۔

چکن کا گوشت پروٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے، جس کو کھانے سے جسمانی توانائی بھی طویل وقت تک مستحکم رہتی ہے۔ جسم میں وٹامن بی 12 کی کمی ہو تو جسمانی توانائی کی سطح گھٹ جاتی ہے۔ کلیجی اس وٹامن کے حصول کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔ 

لوبیا، مٹر، دالیں اور سویا بین وغیرہ پروٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ہیں جبکہ ان میں فائبر کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے جو دیر سے ہضم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس غذا میں میگنیشم بھی موجود ہوتا ہے جو خلیات کی توانائی بڑھانے والا غذائی جز ہے۔ مچھلی بھی پروٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے جبکہ اسے کھانے سے جسم کو اومیگا تھری فیٹی ایسڈز بھی ملتے ہیں جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اخروٹ میں ایسے اومیگا تھری فیٹی ایسڈز ہوتے ہیں جو ہمارا جسم توانائی کیلئے استعمال کرتا ہے۔