وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری کا افتتاح کردیا

image

پہلے مرحلے میں پی آئی سی لاہور، چلڈرن اسپتال لاہور، چلڈرن اسپتال ملتان اور پی آئی سی ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی کارڈ یالوجی انسٹیٹیوٹ میں بچوں کے آپریشن ہوں گے۔ 

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دل کے مریض بچوں کے مفت علاج اور آپریشن کی فراہمی سے متعلق ’چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام‘ کا باقاعدہ طور پر افتتاح کر دیا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت چائلڈ سرجری کارڈ تقسیم کیے۔ انہوں نے اس موقع چلڈرن اسپتال میں دل کے مریض بچوں کے لیے پلے ایریا کا بھی دورہ کیا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیش بورڈ کا مشاہدہ، چلڈرن اسپتال کارڈیک سرجری وارڈ کا دورہ، ایچ ڈی یو اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔

انہوں نے ننھے مریضوں کی خیریت دریافت کی، تحائف دیئے اور ان کے ساتھ لُڈو بھی کھیلی۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مریض بچوں کے والدین سے سہولت کے بارے میں دریافت بھی کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دل کے بروقت آپریشن نہ ہونے سے ہر سال 5000 سے زائد کم سن بچے وفات پا جاتے تھے۔ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت مریض بچے کا سرکاری اسپتالوں میں جگہ نہ ہونے پر پرائیویٹ اسپتال میں آپریشن ہو گا۔ 

پہلے مرحلے میں 6 سرکاری اور مخصوص نجی اسپتالوں میں چلڈرن ہارٹ سرجری کی سہولت دی جا رہی ہے۔ دوسرے مرحلے میں وزیر آباد، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور سرگودھا میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی مانیٹرنگ کے لیے آن لائن ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جائے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ ہر شہری کی تکالیف دور، قطار اور انتظار کے نظام سے نجات دلانا میرا مشن ہے، چلڈرن ہارٹ سرجری کی استعداد میں اضافے کے لیے اسپیشلسٹ سرجن اور اسٹاف کی تعداد بڑھائی جائے گی۔