چیمپئنز ون ڈے کپ کا کل سے آغاز
چیمپئنز ون ڈے کپ 2024ء، نیشنل ایونٹ میں 5 ٹیمیں حصہ لیں گی، جونیئر پلیئرز کے ساتھ قومی کرکٹرز بھی میدان میں اتریں گے۔
فیصل آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام چیمپئینز ون ڈے کپ کل سے فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بورڈ نے میگا ایونٹ کی کل انعامی رقم 4 کروڑ 90 لاکھ روپے رکھی ہے۔ 29 ستمبر کو ٹورنامنٹ کے فاتح کو 3 کروڑ روپے اور رنر اپ کو ڈیڑھ کروڑ روپے ملیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پانچوں ٹیمیں گزشتہ 5 دنوں سے فیصل آباد میں ہیں جو ون ڈے چیمپئنز کی تیاری کیلئے سخت تربیتی سیشنز میں حصہ لے رہی ہیں جس میں ملک کے بہترین کرکٹرز شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کی منصوبہ بندی آئندہ سال ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025ء پر نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایونٹ کا مقصد ٹاپ پرفارمرز کو قومی ٹیم میں شامل کرنا ہے۔ قومی ٹیم آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں ون ڈے میچوں میں حصہ لے گی اور سہ فریقین ہوم سیریز میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرے گی۔ ایونٹ کا پہلا میچ مارخورز ( سابقہ وولوز) اور پینتھرز کے درمیان سہ پہر 3 بجے کھیلا جائے گا۔