رونالڈو کے ایک ارب سے زائد فین
کرسٹیانو رونالڈو کا ایک اور اعزاز، تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 1 ارب سے زائد فالوورز مکمل، رونالڈو نے اس موقع پر اہم بیان جاری کر دیا۔
میڈرڈ: (اسپورٹس ڈیسک) پرتگال سے تعلق رکھنے والے لیجنڈ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پر 1 ارب فالوورز حاصل کرکے تاریخ رقم کر دی۔ سعودی فٹبال کلب النصر کے فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اب تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مشترکہ طور پر 1 بلین فالوورز کے ساتھ سب سے زیادہ مقبول شخصیت بن گئے ہیں۔ اس حوالے سے رونالڈو نے اپنی ایک پوسٹ میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ہم نے 1 بلین فالوورز کے ساتھ تاریخ رقم کر دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف ایک نمبر نہیں ہے بلکہ اس سے زیادہ ہے۔ رونالڈو کا کہنا تھا کہ یہ کھیل کیلئے ہمارے مشترکہ جذبے اور پیار و محبت کا ثبوت ہے۔ مڈیرا کی سڑکوں سے لے کر دنیا کے سب سے بڑے اسٹیج پر، ہمیشہ میں نے اپنے اہلِ خانہ اور آپ کیلئے پرفارمنس دی ہے.
پرتگالی اسٹار نے مزید لکھا کہ اب ہم سب 1 بلین مل کر ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ آپ سب میرے اس سفر میں ہر قدم پر میرے ساتھ رہے۔ ہم مستقبل میں بھی ایک ساتھ رہیں گے۔ ہمارے قافلے میں مزید لوگ بھی شامل ہونگے۔