افغانستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی کامیابی

image

افغان کرکٹ ٹیم ون ڈے کرکٹ میں نے انگلینڈ، پاکستان، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے بعد اب جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔

شارجہ: (سپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق شارجہ میں ہونے والے 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان نے پہلی بار جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دی، جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور پروٹیز بیٹنگ لائن افغان باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 34ویں اوور میں 106 رنز پر پویلین لوٹ گئی، افغانستان نے مطلوبہ ہدف آسانی سے 4 وکٹ کے نقصان پر 26 اوور میں حاصل کرلیا، افغانستان کے باؤلر فضل الحق فاروقی کے تباہ کن اسپیل کے آگے بے بس دکھائی دینے والے پروٹیز کی آدھی ٹیم صرف 29 رنز پر پویلین لوٹ گئی تاہم ویان ملڈر نے کچھ مزاحمت کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، حیران کن طور پر صرف 4 پروٹیز بلے باز ہی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے، ویان ملڈر 52 رنز بناکر نمایاں رہے، ریزا ہینڈرکس 9، ٹونی زی زورزی 11، ایڈن مارکرم 2، کائل ویریانے 10، بیجورن فورٹوئن 16 اور ویان ملڈر 52 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

افغانستان کی جانب سے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے فضل الحق فاروقی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، غضنفر نے 3 اور راشد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں، ہدف کے تعاقب میں افغان اوپنر رحمت اللہ گرباز کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، ریاض حسن 16 اور رحمت شاہ 8 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، کپتان حشمت اللہ شہیدی بھی 16 رنز ہی بناسکے تاہم عظمت اللہ عمرزئی 25 اور گلبدین نائب 34 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔