پی سی بی کو ہائی پرفارمینس کوچ کی تلاش

image

ریڈ بال ٹیم کیلئے ہائی پرفارمینس کوچ درکار، پی سی بی نے اشتہار جاری کر دیا، درخواست دینے کیلئے 5 سالہ کوچنگ کا تجربہ اور لیول 2 پاس ہونا ضروری ہے۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) پی سی بی نے ریڈ بال ٹیم کے ہائی پرفارمینس کوچ کی تلاش کیلئے اشتہار جاری کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی پرفارمینس کوچ اور ہیڈ کوچ مل کر گیم پلاننگ اور میچ کی بدلتی صورتحال میں کھلاڑیوں کے خصوصی ٹاسکس ترتیب دیں گے۔ ہائی پرفارمینس کوچ کھلاڑیوں کی پرفارمینس میں اضافے کیلئے ٹورنامنٹس سے پہلے اور بعد میں تیاریوں کے حوالے سے بھی ہیڈ کوچ کو آگاہ کرے گا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے اشتہار کے مطابق ہائی پرفارمینس کوچ کی پوزیشن کیلئے 5 سالہ تجربہ اور کم از کم لیول 2 کوچنگ کورس کا ہونا ضروری ہے۔ خواہشمند اور اہل امیدوار 7 اکتوبر تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ٹم نیلسن نے ہائی پرفارمینس کوچ کی ذمے داری نبھائی تھی۔

ٹم نیلسن کو ساؤتھ آسٹریلیا سے ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی ساتھ لائے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹم نیلسن ہی ریڈ بال کے ہائی پرفارمینس کوچ ہوں گے۔ باقاعدہ تقرری کیلئے ضروری کارروائی کے طور پر یہ اشتہار جاری کیا گیا ہے۔