بنگالی ٹائیگرز بھارت میں ڈھیر ہو گئے

image

بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ، بھارت نے مہمان ٹیم کو 280 رنز سے شکست دے دی، ایشون کو آل راؤنڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

چنائی: (اسپورٹس ڈیسک) چنائی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں روی چندرن ایشون کی شاندار آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت بھارت نے بنگلہ دیش کو 280 رنز سے شکست دے دی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 376 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، روی چندرن ایشون نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری اسکور کی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمود حسن نے پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 149 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے شکیب الحسن 32 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ بھارت کی جانب سے فاسٹ باؤلر جسپریت بھمرا نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارتی ٹیم نے دوسری اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اننگز 287 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں کم بیک کرنے والے رشبھ پانٹ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 109 رنز بنائے جبکہ اوپننگ بلے باز شبمن گل نے بھی سنچری اسکور کی۔ بھارت کو ٹیسٹ میچ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔