قومی ویمن کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی

image

ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء، ٹیم پاکستان فاطمہ ثناء کی قیادت میں دبئی پہنچ گئی، پاکستان اپنا پہلا وارم اپ میچ 28 ستمبر کو کھیلے گا۔

دبئی: (اسپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ویمن ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان فاطمہ ثناء کی قیادت میں دئبی پہنچ گئی ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ویمن کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویمن ٹیم کی پلیئرز باصلاحیت اور ٹیلنٹڈ ہیں۔ امید ہے کہ ویمن کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمن ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

روانگی سے قبل قومی کپتان فاطمہ ثناء کا کہنا تھا کہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ کپتانی کی وجہ سے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے، میں کپتانی کرتی رہی ہوں، مجھے مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کی بہت سپورٹ حاصل ہے۔ 

فاطمہ ثناء نے مزید کہا کہ گروپ میں بڑی ٹیموں کا کوئی دباؤ نہیں، ہمیں میچ کے دن بس اچھا کھیلنا ہے۔ ہمارا بس یہ یقین ہونا چاہیے کہ ہمیں اچھا کھیلنا ہے اور اسی چیز کو آگے لے کر چلنا ہے۔ جب آپ اچھی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہیں تو زیادہ تگڑے انداز میں کھیلتے ہیں، آسٹریلیا جیسی ٹیم کے خلاف کھیلیں تو بس یہ ذہن میں ہونا چاہیے کہ ہم نے بہترین کھیل پیش کرنا ہے۔ 

قومی کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آخری مرتبہ ہم بھارت سے ہارے لیکن اس سے پہلے ہم جیتے بھی ہیں۔ بھارت کے ساتھ اچھا مقابلہ رہتا ہے، ہمیں اچھا کھیلنا ہو گا پھر ہی جیت ہماری ہو گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم پہلا وارم اپ میچ 28 ستمبر کو اسکاٹ لینڈ اور دوسرا میچ 30 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی۔