واٹس نے گروپ ویڈیو کال کا نیا فیچر متعارف کرا دیا

image

واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کو "کال لنک" کا نام دیا گیا ہے، نئے فیچر کی بدولت صارفین اب کال یا میٹنگ کیلئے لنک شیئر کر سکیں گے، اس سے قبل واٹس ایپ میں صرف 'گروپ وائس کال' کی سہولت موجود تھی۔

کیلیفورنیا: سوشل میڈیا میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے گروپ ویڈیو کال کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ واٹس ایپ کے اس نئے فیچر میں 32 لوگوں کو ایک ساتھ ویڈیو کال کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس نئے فیچر کو "کال لنک" کا نام دیا گیا ہے۔

واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کی بدولت صارفین اب کال یا میٹنگ کیلئے لنک شیئر کر سکیں گے۔اس سے قبل یہ سہولت صرف گوگل میٹ اور زوم ویڈیو کال پر ہی دستیاب تھی۔ واٹس ایپ کے اس نئے فیچر سے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں صارفین مستفید ہو سکیں گے۔

واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کی اطلاع میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ نیا فیچر ٹیسٹنگ کے آخری مراحل میں ہے۔ اس فیچر کے تحت 32 لوگ ایک ساتھ ویڈیو کال کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل واٹس ایپ میں صرف 'گروپ وائس کال' کی سہولت موجود تھی۔