تیل صاف کرنے کا سستا اور آسان طریقہ دریافت
بیجنگ: (ٹیکنالوجی ڈیسک) چین کے سائنس دانوں نے خام تیل کو صاف کرنے کیلئے ایک نئی ٹیکنالوجی تیار کر لی ہے۔ اس طریقہ کار سے تیل ریفائن کرنے میں استعمال ہونے والی توانائی کی 90 فیصد تک بچت ہو گی۔ پرانے طریقہ کار میں پہلے خام تیل کو بہت زیادہ گرم کیا جاتا تھا، جسے "ڈسٹلیشن" کہتے ہیں۔
تیل کو گرم کرنے کے بعد اس سے مختلف مرکبات الگ الگ کئے جاتے تھے، جیسے پٹرول، پلاسٹک اور دیگر مصنوعات وغیرہ۔ اس عمل میں بہت زیادہ توانائی خرچ ہوتی تھی۔ نئے طریقہ کار میں تیل کو گرم کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ ٹیکنالوجی مالیکیول کی سطح پر کام کرتی ہے۔ یعنی تیل کے ہر حصے کو پکڑ کر سیدھا اس فیکٹری لائن میں بھیج دیا جائے گا جہاں سے وہ چیز بننی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ تیل صاف کرنے کی دنیا میں ایک بڑی تبدیلی ہے، اگر یہ کامیاب ہو گئی تو پوری دنیا میں تیل ریفائن کرنے کا طریقہ کار بدل سکتا ہے۔ اس سے وقت، پیسہ اور توانائی تینوں کی بچت ہوگی۔ اس طریقہ کار سے فضا میں دھواں یعنی کاربن بھی کم نکلے گا۔