نائٹروجن میں ڈوبی ٹافیاں کھانے کا ٹرینڈ خطرناک قرار

image

 مائع نائٹروجن میں ڈوبی ٹافیاں کھانے سے بچے بیمار، انڈونیشیا کی سڑکوں پر ٹافیوں اور کھانے کی اشیا کو مائع نائٹروجن میں ڈبو کر فروخت کیا جا رہا ہے۔ 

 جکارتہ: انڈونیشیا کی وزارتِ صحت نے ٹک ٹاک پر ویڈیوز کی بھرمار کے بعد لوگوں کو مائع نائٹروجن میں ڈوبی ٹافی کھانے سے خبردار کیا ہے۔ ڈریگن بریتھ کو کھانے سے کچھ دیر تک منہ اور ناک سے دھواں نکلتا رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ اسے کھا کر ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر پوسٹ کر رہے ہیں، مائع نائٹروجن کی موجودگی سے اب تک کئی بچے معدے کی جلن اور دیگر امراض کے شکار ہو چکے ہیں۔

انڈونیشیا کے طبی ماہرین نے کہا ہے کہ مائع نائٹروجن سانس اور معدے کی نالیوں میں شدید جلن پیدا کر سکتی ہے اور اس سے موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ جبکہ سڑکوں پر ٹافیوں اور کھانے کی اشیا کو مائع نائٹروجن میں ڈبو کر فروخت کیا جا رہا ہے جس سے اب تک دو درجن بچے متاثر ہو چکے ہیں، مقامی افراد اسے چکی بیولس کے نام سے پکارتے ہیں۔

دوسری جانب ماہرین نے حکومت سے کہا ہے کہ اژدھے کی سانس والی مٹھائی پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور انہوں نے اس ضمن میں والدین کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں پر ضرور نظر رکھیں۔