آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ پلیرز ریکنگ میں بابر اعظم پہلی پوزیشن پر براجمان

image

بابر اعظم 887 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے، ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار 908 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر، ون ڈے بولرز کی ریٹنگ میں بھارت کے محمد سراج پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

دبئی: تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 887 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ اسی طرح جنوبی افریقہ کے راسی وین ڈیر ڈوسن 795 اور کوئنٹن ڈی کاک 750 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ 

تازہ ترین رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 747 پوائنٹس اور قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق 740 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر ہیں۔ اسی طرح بھارت کے شبمن گل 734 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ ویرات کوہلی 727 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔ اگر ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی بات کی جائے تو بھارت کے سوریا کمار یادیو 908 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ 

آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ میں پاکستان کے محمد رضوان 836 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی میں چوتھی پوزیشن ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے 788 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ون ڈے بولرز رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹاپ 10 بولرز میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کی آٹھویں پوزیشن ہے۔