متعدی اور غیر متعدی کیسز سے متعلق این آئی ایچ کی رپورٹ
گزشتہ ہفتے ملک میں 1 لاکھ 38 ہزار 5 سو 66 ملیریا کیسز رپورٹ ہوئے، کم عمر بچوں میں 17 ہزار 8 سو 90 اے ایل آر آئی کیس رپورٹ ہوئے ہیں، ملک بھر میں کتے کے کاٹے کے بھی 1 ہزار 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ان میں سب سے زیادہ 701 کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ نے ملک بھر میں متعدی اور غیر متعدی امراض کے کیسز کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک میں 1 لاکھ 38 ہزار 5 سو 66 ملیریا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ہیضہ سے مشابہ مرض کے 2 لاکھ 1 ہزار 8 سو 22 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ذرائع این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک بھر میں ٹائیفائیڈ کے 8 ہزار 8 سو 35 کیس رپورٹ ہوئے۔ انفلوئنزا سے مشابہ مرض کے 30 ہزار 7 سو 48 کیسز، ڈائریا کے 11 ہزار 2 سو 40 کیسز اور ہیضہ کے 8 سو 13 کیس رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں کم عمر بچوں میں 17 ہزار 8 سو 90 اے ایل آر آئی کیس رپورٹ ہوئے۔ اے ایل آر آئی بچوں میں سانس کی نالیوں کی سوزش کا مرض ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک میں کالی کھانسی کے 1 سو 76، کانگو وائرس کے 8 کیس، گردن توڑ بخار کے 8 کیس، اور خناق کے 14 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ خسرہ کے 4 سو 47 کیسز اور چکن پاکس کے 313 کیس رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ ہفتے ملک بھر میں کتے کے کاٹے کے بھی 1 ہزار 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ان میں سب سے زیادہ 701 کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔