ڈینگی نے پنجاب میں پنجے گاڑھ لیے، 24 گھنٹوں کے دوران 101 کیس رپورٹ

image

محکمۂ صحت نے بتایا ہے کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 100 مریض زیرِ علاج ہیں، صوبے میں رواں سال ڈینگی کے 2 ہزار 658 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

لاہور: (ویب نیوز) صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 101 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 45 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈینگی ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر مزید 51 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ایک عمارت سیل کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ خلاف ورزی پر 7 چالان ٹکٹ جاری اور 1 لاکھ 52 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 2876 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور531 عمارتوں کو سِیل کیا جاچکا ہے ، مجموعی طورپر 870 چالان ٹکٹ جاری اور 49 لاکھ 7 ہزار روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

محکمۂ صحت کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی کے 39، لاہورمیں 31، ملتان میں12 جبکہ گوجرانوالہ میں 11 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمۂ صحت کے مطابق راولپنڈی میں رواں سیزن میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 534 تک پہنچ گئی ہے۔ محکمۂ صحت نے بتایا ہے کہ ڈینگی وائرس سے متاثرہ 9 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔